ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کا خواتین کو بہترین تحفہ؛ دہلی کی بسوں اور میٹرو میں مفت سفر کا اعلان

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کا خواتین کو بہترین تحفہ؛ دہلی کی بسوں اور میٹرو میں مفت سفر کا اعلان

Tue, 04 Jun 2019 09:54:07    S.O. News Service

نئی دہلی,4؍مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے دہلی کی خواتین کو بہترین تحفہ پیش کرتے ہوئے اُنہیں  راجدھانی دہلی میں  میٹرو اور بسوں میں  مفت سفر کی سہولت  دینے کی تجویز رکھی ہے۔ انہوں نے  اس تجویز کو دو تین مہینے میں  نافذ کرنے کا تیقن دیا ہے۔

پریس کانفرنس کا انعقاد  کرتے ہوئے  اروند کجریوال نے  پیر کو دہلی کی خواتین کے لئے اس طرح کے  تحفہ کا اعلان کیا، جس کے مطابق  جلد ہی دہلی میں خواتین ڈی ٹی سی ، کلسٹر بسوں اور میٹرو میں مفت سفر کر سکیں گی۔ کجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ جوخواتین  اقتصادی طور پر استعداد مند ہیں، وہ ٹکٹ کی خریداری کریں، جس سے سبسڈی پر بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ  اس منصوبہ کی وجہ سے  ریوینو کا جو نقصان ہوگا اس کی بھرپائی عام آدمی سرکار کرے گی۔ انہون نے رواں مالی سال کے باقی حصہ کے لئے  اس پر 700 - 800  کروڑ روپئے لاگت آنے کی بات  کہی۔ انہوں نے کہا کہ  یہ فیصلہ کیسے اور کب نافذ کیا جائے گا ، افسران کو اس کا تجزیہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ سرکار لوگوں سے  بھی  فیڈ بیک لے گی۔ انہوں نے اس پر ایک تفصیلی رپورٹ  تیار کرنے کے لئے  آفسران کو ایک ہفتہ  کا وقت دیا ہے۔ جس کے بعد کابینہ میں ایک تجویز  لائی جائے گی ۔ کجریوال نے کہا کہ  سرکار دو سے تین مہینے کے اندر اس فیصلہ کو نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

اروند کجریوال نے مودی سرکار پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ہم نے مرکزی سرکار سے کرایہ نہ بڑھانے کی اپیل کی تھی لیکن اُسے نہیں مانا گیا، ہم نے بڑھے ہوئے کرایہ کی سبسیڈی کا بوجھ ساجھا کرنے کے لئے 50 - 50  فیصد کی حصہ داری کرنے کا مشورہ دیا تھا تاکہ کرایہ نہیں بڑھے، لیکن  انہوں نے اس تجویز کو ٹھکرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ  چونکہ اس منصوبہ پر آنے والا پورا خرچ عام آدمی  پارٹی کی سرکار برداشت کرے گی اس لئے ہمیں اس کے لئے منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بسوں اور میٹروں میں کل 33 فیصد خواتین سفر کرتی  ہیں۔ذرائع کے مطابق  دہلی حکومت نے اس منصوبے کو لاگو کرنے سے قبل دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی تھی اور ان سے پوچھا تھا کہ اس منصوبہ کو کس طرح لاگو کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے مفت پاس یا پھر کوئی دیگر متبادل متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ دہلی میں آئندہ سال کے اوائل میں اسمبلی انتخابات  ہونے جا رہے  ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ انتخابات کے پیش نظر اروند کجریوال نے اس طرح کا بڑا اعلان کرکے خواتین میں  زبردست خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔


Share: